دعاء کی اہمیت وفضیلت
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اور تمھارے رب کا فرمان (سرزد ہو چکا) ہے کہ مجھ سے دعاء کرو میں تمھاری دعاؤں کو قبول کروں گا یقین مانو کہ جو لوگ میری عبادت سے خودسری کرتے ہیں وہ ابھی ابھی ذلیل ہو کر جہنم میں پہنچ جائیں گے۔
نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: دعا ہی عبادت ہے، پھر آپ نے یہ آیت تلاوت کی ، اور تمہارے رب کا فرمان سرزد ہو چکا ہے مجھ سے دعاء کرو ، میں تمہاری دعاء قبول کروں گا۔
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "جو شخص اللہ تعالیٰ سے نہیں مانگتا اللہ تعالی اس سے ناراض ہوتا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : اللہ تعالیٰ کے نزدیک دعاء سے زیادہ عزیز کوئی عمل نہیں۔ ان واضح ارشادات کی روشنی میں ہر شخص کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ صرف اللہ تعالیٰ ہی سے مانگے کسی دوسرے سے نہیں، اگر کسی کی دعاء کا فوری اثر ظاہر نہیں ہوتا ہے تو بھی اسے گھبرانا نہیں چاہئے۔ بلکہ اسے دعاء میں مداومت برتنی چاہئے کیونکہ اللہ تعالیٰ کسی کی دعاء کو رائیگاں نہیں کرتا ہے۔ بلکہ وہ بندہ کے لئے جو مناسب ہوتا ہے وہی کرتا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : جب کوئی مسلم بندہ ایسی دعاء کرتا ہے جس میں گناہ یا قطع رحمی کی دعاء نہ ہو تو اللہ تعالیٰ اسے تین چیزوں میں سے ایک ضرور عطا کرتا ہے۔
1- دعاء کے مطابق بندے کی خواہش پوری کر دیتا ہے۔
2- یا اس کی دعاء کو آخرت کے لئے ذخیرہ بنا دیتا ہے۔
3- یا دعا ء سے کسی آنے والی مصیبت کو ٹال دیتا ہے۔
یہ سن کر صحابہ کرام نے کہا: ” تب تو ہم بہت زیادہ دعاء کریں گے ، آپ ﷺ نے فرمایا : ”اللہ کے خزانے بہت زیادہ ہیں۔
دعا کے آداب و شرائط
دعاء کے آداب و شرائط مندرجہ ذیل ہیں :
- خلوص نیت
- مخلوق کو وسیلہ بنانے کی ممانعت
- سنت کی پیروی
- رزق حلال
- رضا بالقدر ( اللہ کے فیصلے اور تقدیر پر راضی رہنا)
- اللہ سبحانہ تعلی سے دعا مانگنے کے آداب مندرجہ ذیل ہیں :
- دعاء کا آغاز حمد و ثنا پھر درود سے ہو اور اختتام آمین پر ہو۔
- با وضوہو کر دعا مانگی جائے۔
- قبلہ رو ہونا۔
- حضور قلب (دل سے) اور دعاء کی قبولیت پر یقین۔
- بے چارگی اور بے بسی کا اظہار۔
- ارادہ کی پختگی۔
- دونوں ہاتھ اٹھا کر دعاء کرنا۔
- اللہ تعالیٰ کو اسماء حسنیٰ اور اس کی بزرگی و برتر صفات سے پکارنا
- درمیانی آواز سے دعاء کرنا۔
- دعاء پہلے اپنے لئے کرنی چاہیے۔
دعا کس وقت قبول ہوتی ہے؟
بندہ جب چاہے اللہ تعالیٰ سے دعاء کرے اللہ تعالی اس کی دعاء کو سنتا اور قبول کرتا ہے ،لیکن کچھ اوقات ایسے ہیں جن میں دعاؤں کی قبولیت کا زیادہ امکان رہتا ہے اس لئے بندے کو چاہئے کہ وہ ان اوقات میں زیادہ سے زیادہ دعا کرے۔
1- اذان اور اقامت کے درمیان
جب نماز کے لئے اذان دی جائے۔ اس وقت کے بعد سے لے کر جب جماعت کھڑی ہونے سے پہلے اقامت کہی جائے۔ دعا مانگنے سے قبول ہوتی ہے۔
2- جمعہ کے دن کے مختصر وقت میں
( ابن القیم نے فرمایا : یہ آخری ساعت عصر کے بعد ہے )
جمعہ کے دن جب عصر کا وقت ختم ہو رہا ہوتا۔ اس وقت صدق دل سے دعائیں مانگنی چاہیں۔ کیونکہ نبی ﷺ کے فرمان کے مطابق اس وقت مانگی ہوئی دعا قبول ہوتی ہے۔
3- رات کے آخری وقت میں
تہجد یعنی رات جب ختم ہونے والی ہوتی ہے۔ اس وقت دعا مانگی جائے۔
4- روزہ افطار کرنے کے وقت
جب مسلمان روزہ افطار کرنے لگے۔ اس وقت دعا مانگے۔ انشاء اللہ مقبول ہو گی۔
5- زمزم پینے کے وقت
آب زم زم پیتے وقت دعا مانگنی چاہیے۔
6- سجدہ کی حالت میں
سجدے کے دوران گڑگڑا کر اللہ عزوجل سے دعائیں مانگیں۔
7- عرفہ کے دن
یوم عرفہ کو دعائیں مانگتے رہیں۔
8- مرغ کے بانگ دینے کے وقت
جب مرغ بانگ دے رہا ہو۔ اس وقت دعا مانگنی چاہیے۔
9- شب قدر میں
رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں شب قدر کو تلاش کریں۔ اللہ سبحانہ تعالی اگر شب قدر نصیب فرمائے تو دعائیں مانگیں۔
10- فرض نمازوں کے بعد
ہر فرض نماز کے بعد دعا مانگیں۔
11- ذی الحجہ کے ابتدائی دس دنوں میں
ذی الحجہ کے ابتدائی دس دنوں میں میں دعائیں مانگتے رہیں۔
12- بارش نازل ہونے کے وقت
جب اللہ سبحانہ و تعالی باران رحمت عطا فرمائے۔ تو اس وقت کی دعا قبول ہوتی ہے۔
13- آمین کہتے وقت
جب آمین کہا جا رہا ہو تو دعا قبول ہوتی ہے۔
14- جہاد کی صف بندی کے وقت
کافروں سے جنگ کے وقت جب لشکر کی صفیں بنائی جا رہی ہوتی ہیں۔
15- رمضان کے مہینے میں
رمضان کے سارے مہینے میں دعا کرتے رہیں۔ اللہ تعالی قبول کرتا ہے۔
وہ مقامات جہاں دعا قبول ہوتی ہے
- خانہ کعبہ کے اندر
- صفا ومروہ پر
- جمرات کے پاس
- مشعر حرام (مزدلفہ) کے پاس
- جائے طواف
- جائے سعی
- میدان عرفات
- منیٰ
دعاء واذکار کی ضرورت وافادیت سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کو اصل عبادت اور مومن کی معراج قرار دیا ہے اسی طرح دعائیں مومنوں کے اعمال صالحہ کا اہم جزء اور توشہ آخرت کا وافر حصہ ہیں۔ ان کے بغیر نونہالان اسلام کی تربیت و تعمیر میں نقص وخلل یقینی ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : یعنی جب بچہ بولنے لگے تو اس کو لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ (کلمہ توحید) سکھاؤ اور جب دودھ کے دانت گر جائیں تو نماز کا حکم دو۔ اس حدیث کی روشنی میں ہر روحانی مربی و داعی حق پر واجب ہے کہ بچوں کو دعا واذکار اور عبادات کو ذہن نشین کرانے میں کوئی بھی کسر باقی نہ رکھیں۔ لہذا تحمس واہل علم اساتذہ کرام سے میری پُر خلوص گذارش ہے۔ کہ ماثورہ دعاؤں کے اس مجموعے کو داخل نصاب کر کے مسلمان بچوں اور بچیوں کو ضرور حفظ کرائیں۔
خیال رہے کہ یہاں طلبہ کے ذہنی معیار کو مد نظر رکھ کر صرف اہم اور روزمرہ کی زندگی میں پیش آنے والی دعاؤں کی ترتیب پر اکتفا کیا گیا ہے۔ تطویل کے خوف اور تفصیل سے بیچ کر مبتدی طالب علموں کا خیال رکھتے ہوئے اسباق کے ضمن اور عناوین کے انتقام پر مشق و تمرین اور سوالات کا اہتمام قطعاً نہیں کیا گیا ہے جس سے اتفاق کوئی ضروری نہیں بلکہ ہر معلم کو اس بات کا بالکل اختیار ہے کہ وہ اسالیب تدریس کے پیش نظر طالب علموں سے ہر سبق کے اخیر میں اہم سوالات اور مشقوں کے ذریعہ تعلیم دیں تاکہ تعلیم وتعلم کا کوئی بھی مؤثر طریقہ فروگذاشت نہ ہو سکے۔
معلمین حضرات قرآنی نصوص اور اذکار مسنونہ کو حفظ کراتے وقت پہلے خود ہی ادا کر کے طلبہ کو از بر کرائیں اگر ایک مرتبہ وہ انھیں صاف ادا نہ کر سکیں تو دوبارہ سہ بارہ کہلوائیں تا کہ ادائیگی میں کوئی کسر باقی نہر ہے۔ نماز اور دیگر بدنی عبادتوں کے اذکار کا عملی مشق کرایا جائے تو انشاء اللہ زیادہ سودمند ثابت ہوگا۔
سہولت اور آسانی کو مد نظر رکھتے ہوئے دعاؤں کے اسماء وعناوین نیز ان کے تراجم میں آسانی و سبک اور سلیس زبان کا اہتمام کیا گیا ہے پھر بھی اگر کوئی چیز طلبہ پر گراں گذرے تو اس کی تفہیم و توضیح میں بالکل کمی نہ کی جائے۔
میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ الہی اس مجموعے کو معلمین و متعلمین نیز دیگر مستفیدین حضرات کے لئے نفع بخش بنا کر اس پر عمل کرنے اور زندگی مستعار کو اسی کے مطابق سنوارنے کی توفیق عنایت فرما۔ اللھم آمین
- کلمہ طیبہ، شہادت، تمجید
- کھانا کھانے سے پہلے اور بعد کی دعا
- کھانا کھلانے والے میزبان کے لئے دعا
- دودھ پینے کی دعا
- چھینک آنے کی دعا
- واش روم میں داخل ہونے کی دعا
- سونے سے پہلے کی دعا
- نیند نہ آنے، نیند میں ڈرنے اور اچانک آنکھ کھلنے کی دعائیں
- گھر سے نکلنے اور داخل ہونے کی دعا
- وضو کی دعائیں
- مسجد جاتے وقت کی دعا
- مسجد میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کی دعا
- اذان کا طریقہ
- اذان کے بعد کی دعائیں
- نماز کا طریقہ دعائیں اور اذکار
- مشکلات کے حل کی دعا